Official website of Abrar Ahmed Shahi | Free delivery for order over Rs 999/-
اسمائے الہیہ اور ادب الہی کا تقاضا
ابرار احمد شاہی
12/8/20231 min read
اسمائے الہیہ کا علم اور ادب الہی کا تقاضا
شیخ فرماتے ہیں: اسمائے الہیہ کا علم معرفت کا پہلا علم ہے، یہ اِس بات پر دلالت کرتا ہے کہ اسما کس لیے لائے گئے۔ ... اور یہ اسما کے خواص کا علم بھی ہے، لیکن ان کے خواص پر بات کرنے سے اہل اللہ کو روک دیا گیا ہے، کیونکہ اِس میں راز افشائی اور پردہ کشائی ہے، جبکہ غیرت الہی اِس کے اظہار میں مانع ہے۔ بلکہ اہل اللہ یہ سب جانتے ہوئے بھی اللہ کے ساتھ اِن کا استعمال نہیں کرتے۔ اس پر دلیل رسول خدا ہیں، آپ اِن اسما کو سب سے بڑھ کر جانتے تھے، اور یہ بھی جانتے تھے کہ اللہ تعالی اِس کی دعا ضرور پوری کرتا ہے جو ان اسما سے دعا مانگے، کیونکہ یہ اسما علم اللہ میں ایک خاصیت کے حامل ہیں، اور رسول اللہ نے اپنی امت کے بارے میں جب دعا کی: “کہ اس امت پر عذاب اِن کے آپسی جنگ و جدل سے نہ ہو” تو آپ کو روک دیا گیا اور یہ دعا قبول نہ ہوئی۔
اگرچہ اس کا عوض بھی دیا گیا، لیکن وہ ایک دوسری بات ہے؛ وہ یہ کہ دعا کوئی بھی ہو وہ یکسر رد نہیں ہوتی، لیکن جو چیز مانگی جاتی ہے وہ رد ہوتی ہے، خاص کر جب وہ دعا اس اسم کی خاصیت سے نہ مانگی جائے۔ اسی طرح بلعام بن باعورا کی دعا موسی اور آپ کی قوم کے حق میں قبول ہوئی، جب انہوں نے اس کے خاص اسم سے یہ دعا کی۔ ...
اگر رسول اللہ اِس خاص اسم کو استعمال میں لا کر دعا کرتے، تو اللہ تعالی آپ کی دعا ضرور قبول کرتا، اور ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ آپ “اولین اور آخرین کا علم رکھتے ہیں” اور آپ لوگوں میں سب سے بڑھ کر علم والے ہیں، اس سے ہمیں یہ پتا چلا کہ آپ نے اِس خاص اسم سے دعا نہ کی، اور ادب کا اظہار کیا۔ اِس کی وجہ “ادبِ الہی” ہے، کیونکہ آپ اللہ کی مراد نہیں جانتے تھے، جیسا کہ عیسی نے کہا: ﴿تَعْلَمُ مَا فِي نَفْسِي وَلَا أَعْلَمُ مَا فِي نَفْسِكَ 116﴾ (المائدہ: 116) (اے اللہ!) تو جانتا ہے جو میرے دل میں ہے لیکن میں وہ نہیں جانتا جو تیرے علم میں ہے۔ اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ انبیا اللہ سے جو کچھ مانگیں اُس میں بھلائی نہ ہو، سو انبیائے کرام اللہ سے جو مانگنا چاہتے تھے وہ اِس خاص اسم کو بروئے کار لائے بغیر مانگتے تھے۔ اگر اللہ کے علم میں اِس کام میں اُس کی رضا اور مانگنے والے کے لیے بھلائی ہوتی تو وہ انہیں وہی چیز عطا کرتا، لیکن اگر ایسا نہ ہوتا ؛ تو مانگنے والے کی درجات بلند کرتا اور اُس کے گناہوں کو بخش دیتا۔
Explore
abrarshahi@yahoo.com
Discover
Connect with our collection
+92 334 5463996
Chaklala, Rawalpindi