Official website of Abrar Ahmed Shahi | Free delivery for order over Rs 999/-
جہنم کا عذاب اور اس کی مدت
اصل کہانی
ابرار احمد شاہی
11/5/20231 min read
جہنم کا عذاب اور اس کی مدت
شیخ اکبر فتوحات میں فرماتے ہیں: جب کوئی اللہ کے لیے غضبناک ہوتا ہے تو اس کا غضب اللہ کا غضب ہوتا ہے اور اللہ کا غضب رحمت الہی سے باہر نہیں۔ دنیا میں اُس کا غضب حدود اور تعزیرات کو نافذ کرنا ہے، جبکہ آخرت میں یہ دوزخ میں ڈالنا ہے، تاکہ اِس عذاب سے اُس کا غضب ختم ہو جائے اور رحمت الہی انہیں گھیر لے۔
اسی نکتے کی مزید تفصیل فتوحات مکیہ باب نمبر 588 میں یوں ہے: جہنم غضب الہی کا گھر ہے، اسی غضب کو اٹھائے ہے، اسی سے متصف ہے۔ ... جیسے دنیا میں حق کی نافرمانی کرنے والوں کے احوال بدلتے رہتے ہیں، تو ہر نوع کا عذاب ہو گا، اور ان کی خاص جلد ہو گی جو اس درد کو محسوس کرے گی، جیسا کہ یہاں دنیا میں بھی وہ ہمیشہ تجدید خلق میں ہیں، لیکن لوگ اس تجدید خلق کو نہیں سمجھتے۔
سو جب ایک معین نافرمانی کی سزا کی مدت ختم ہو گی تو جلد پک جائے گی۔ اگر اس نے ایک نافرمانی کے بعد دوسری نافرمانی کی تو پکی ہوئی جلد نئی جلد سے تبدیل کر دی جائے گی؛ تاکہ وہ عذاب کا مزہ لیں، جیسے نافرمانی کا مزہ لیا تھا۔ لیکن اگر دو نافرمانیوں کے مابین (مکارم اخلاق یعنی) اچھے کام کیے ہوں گے؛ تو وہ اتنی مدت تک راحت میں رہے گا، جو پکنے اور تبدیل ہونے کی درمیانی مدت ہے۔ جہنم میں بھی لوگ طبقات میں ہوں گے۔ اور جو مسلسل نافرمانیوں اور برے اخلاق میں ہی رہا؛ تو ان لوگوں پر سے عذاب بھی نہیں ہٹے گا۔
پھر جب ایک مقرر مدت آنے پر اُس کی عمر ختم ہو ئی تو نافرمانی بھی ختم ہوئی؛ اسی حد پر وہاں جہنم میں ان پر سے عذاب بھی ختم ہو جائے گا، انہیں وہ رحمت گھیر لے گی جو ہر شے پر پھیلی ہے، یہ وہ رحمت ہے کہ نہ جہنم کو اس کا ادراک ہے نہ اس کے نگرانوں کو – یہاں میری مراد ضرر پہنچانے والے حیوانات ہیں – نہ کہ عذاب کے فرشتے۔ جہنم تو اسی صورت پر رہے گی جیسی وہ ہے، لیکن رحمت اپنے حکم سے اُن کے لیے اسی صورت میں نعمت کی صورت پیدا کر لے گی؛ کیونکہ رحمت کی قدرت ایسی ہے کہ یہ ہمیشہ اپنے حکم کو نافذ کرنے میں قوت رکھتی ہے۔ ہماری اشارہ کردہ بات سمجھ؛ کہ یہ حفاظت الہی کا لب لباب ہے؛ یعنی حفظ مراتب کا۔ ﴿اور تیرا رب ہر شے پر حفیظ ہے﴾ ( سبا: 21) اور اللہ ہی حق بات کہتا اور راہ دکھلاتا ہے۔
Explore
abrarshahi@yahoo.com
Discover
Connect with our collection
+92 334 5463996
Chaklala, Rawalpindi